راولپنڈی پولیس شہر بھر میں ہائی الرٹ، غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر فول پروف سکیورٹی نافذ
24/7 مانیٹرنگ ٹریفک کی روانی کے لیے خصوصی پلان اور شہریوں کے لیے متبادل راستے فراہم
By Fahad Masood • Apr 09, 2026

ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور کوئیک رسپانس یونٹس الرٹ
راولپنڈی پولیس شہر بھر میں ہائی الرٹ، غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر فول پروف سکیورٹی نافذ
راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں ہائی الرٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کے احکامات پر غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
سی پی او، ڈی پی او چکوال، ڈی پی او مری، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹیگیشن، چیف ٹریفک آفیسر، ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر افسران خود فیلڈ میں موجود ہیں اور ڈیوٹیز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ شہر میں 5,000 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
350 سے زائد اسپیشل پکٹس کے ساتھ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ سی پی او کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس، تھانوں کی موبائلز اور دیگر کوئیک رسپانس یونٹس الرٹ گشت پر مامور ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستے، اہم شاہراہیں، مارکیٹس، دکانیں اور ہوٹلز سکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند ہیں اور ہر جگہ سخت نگرانی جاری ہے۔ بس اڈوں کو عارضی طور پر بند کر کے سخت چیکنگ نافذ کی گئی ہے۔
شہر میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کر دیے گئے ہیں، مشتبہ افراد کی نگرانی اور چیکنگ جاری ہے۔ حساس تنصیبات، سرکاری و نجی مقامات اور قیام گاہوں کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
سیف سٹی، سی سی ٹی وی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ کنٹرول روم سے لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی رپورٹس افسران چیک کر رہے ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل دیا گیا ہے اور شہریوں کے لیے متبادل راستے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے کہا ہے کہ فول پروف سکیورٹی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔