راولپنڈی میں نوجوان کا بہیمانہ قتل، لاش گلیوں میں گھسیٹے جانے کے واقعے نے شہر کو ہلا دیا

نوجوان کو تشدد کے بعد قتل کرکے لاش موٹر سائیکل سے گھسیٹی گئی

By Web Desk May 11, 2026

راولپنڈی میں نوجوان کا بہیمانہ قتل، لاش گلیوں میں گھسیٹے جانے کے واقعے نے شہر کو ہلا دیا

راولپنڈی میں قتل، اغوا اور لاش گھسیٹنے کا سنسنی خیز کیس سامنے آگیا

دھمیال میں دوہرے قتل کا ڈراپ سین، پیسوں کے تنازع نے دو جانیں لے لیں

راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں نوجوان زین شاہ کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے بعد اس کی لاش موٹر سائیکل کے ساتھ باندھ کر گلیوں میں گھسیٹا گیا۔ واقعے کے بعد پنجاب پولیس کے اعلیٰ حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ جمعے کے روز پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ قتل ایک اور قتل کے ردعمل میں کیا گیا۔ اسی روز مبینہ طور پر زین شاہ اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ کرکے دکاندار سراج محسود کو قتل کیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق سراج محسود اور زین شاہ کے درمیان پیسوں کا لین دین تھا۔ واقعے والے دن زین شاہ دکان پر آیا جہاں رقم کے تنازع پر دونوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ بعد ازاں سراج محسود اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ معاملہ حل کرنے زین شاہ کے گھر گیا، مگر وہاں دوبارہ تلخ کلامی شروع ہوگئی اور مبینہ طور پر زین کے ساتھی عون چوہدری نے فائرنگ کر دی، جس سے سراج محسود موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سراج محسود کے قتل کے بعد اس کے کچھ رشتہ داروں نے بدلہ لینے کا فیصلہ کیا۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان نے زین شاہ کو گھر کے قریب سے اغوا کیا اور مختلف مقامات پر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ میں تصدیق ہوئی ہے کہ زین شاہ کی موت شدید تشدد کے باعث ہوئی جبکہ لاش کو گھسیٹنے کی وجہ سے جسم پر متعدد خراشیں بھی پائی گئیں۔

پولیس نے دونوں قتل کے مقدمات درج کرکے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب سراج محسود کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے چھاپوں کے دوران خواتین کو بھی حراست میں رکھا، تاہم راولپنڈی پولیس نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی خاتون کو گرفتار نہیں کیا گیا۔