جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف اسلام آباد میں بڑے احتجاج کا اعلان

پیٹرول 415 روپے فی لیٹر، عوام پر ظلم بند کیا جائے: امیر جماعت اسلامی

By Web Desk May 13, 2026

جماعت اسلامی کا مہنگائی کیخلاف اسلام آباد میں بڑے احتجاج کا اعلان

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی آرہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کرینگے اور ہڑتال کا آپشن بھی موجود ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی 15 مئی کو اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف بڑا احتجاج کرے گی، جبکہ ہڑتال اور پہیہ جام کی آپشن بھی زیر غور ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمت تقریباً 271 روپے بنتی ہے، لیکن حکومت لیوی اور دیگر ٹیکسز کی مد میں 117 روپے وصول کرکے عوام کو 415 روپے فی لیٹر پیٹرول فروخت کر رہی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ بھارت اور بنگلادیش میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا، تو کیا جنگ کے اثرات صرف پاکستان پر ہی پڑ رہے ہیں؟

حافظ نعیم الرحمان نے بجلی اور گیس کے فکس چارجز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سال میں بجلی کے ٹیکسز کی مد میں 19 کھرب روپے وصول کیے گئے۔

انہوں نے آئی پی پیز معاہدوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 100 میں سے صرف 15 آئی پی پیز سے معاہدے کیے ہیں، جبکہ باقی معاہدوں میں توسیع کے لیے انتظار کیا جا رہا ہے، جس سے کرپشن کے خدشات پیدا ہوتے ہیں۔