اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، اسلامی جمعیت طلبہ راولپنڈی کا مطالبہ
راولپنڈی میں طلبہ اسٹریٹ کرائمز کا آسان ہدف بننے لگے
By Web Desk • May 17, 2026

طلبہ غیر محفوظ، راولپنڈی میں چوری اور موبائل سنیچنگ کے واقعات میں اضافہ
اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، اسلامی جمعیت طلبہ راولپنڈی کا مطالبہ
اسلامی جمعیت طلبہ راولپنڈی شہر میں بڑھتی ہوئی چوری، ڈکیتی، موبائل سنیچنگ اور بائیک سنیچنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ راولپنڈی محمد موسیٰ جرال کے مطابق نہتے طلبہ روزانہ ان وارداتوں کا نشانہ بن رہے ہیں جس سے شدید عدم تحفظ پیدا ہو رہا ہے اور تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
کچھ دن قبل اوجھری کیمپ کے قریب اے پی ایس گیٹ کے سامنے معاذ نامی طالبعلم اور اس کے ساتھیوں سے اسلحے کی نوک پر لاکھوں روپے مالیت کے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور تعلیمی اسناد چھین لی گئیں۔ اسی طرح کچھ عرصہ پہلے جامعہ بارانی کے باہر ایک طالبعلم سے موبائل چھیننے کے دوران فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا گیا۔ ایسے واقعات آئے روز ہمارے نوٹس میں آ رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے راولپنڈی میں تعلیم حاصل کرنے آئے نہتے طلبہ کے لیے یہ شہر محفوظ نہیں رہا، جو ان کی جان و مال اور تعلیمی مستقبل کے لیے سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ طلبہ اپنی تعلیم کے حصول کے لیے یہاں آتے ہیں لیکن انہیں بنیادی تحفظ تک میسر نہیں، جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ شہری انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کرتی ہے کہ اسٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور طلبہ کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
اسلامی جمعیت طلبہ خبردار کرتی ہے کہ اگر صورتحال پر قابو نہ پایا گیا تو طلبہ میں بے چینی مزید بڑھے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔